ناگپور،30؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)تجربہ کارگیندباز آشیش نہرا اور جسپریت بمراہ کی بولنگ کی کوششوں کو شاندار بتاتے ہوئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے آج کہا کہ معمولی اسکور کرنے کے باوجود ہمیں اس بات کا یقین تھا کہ ہم میچ کو جیت جائے گا اور سیریز برابر کر لیں گے۔کوہلی نے گیند بازوں خاص طور پر نہرا اور بمراہ کی خطرناک گیند بازی کی تعریف کی جو میزبان ملک کی جیت کو یقینی بنانے میں مددگار بنے۔آخری اوور میں انگلینڈ کو فتح کے لئے8 رن کی ضرورت تھی اور بمراہ نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف دو رن دئے اور میچ کو ہندوستان کے حق میں کرتے ہوئے دو وکٹ بھی لیں۔میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کوہلی نے کہا کہ یقین بنائے رکھنا ضروری ہوتا ہے، ہمارے ساتھ ایسا ہوتا رہا تھا کہ ہم شروعات میں اچھا کرتے تھے لیکن سیریز میں آپ کو وسط اوورز میں بھی یہی تال برقرار رکھنا چاہئے لیکن جس طریقے سے اسپنروں نے میچ کے وسط میں بولنگ کی اور اس کے بعد نہرا اور بمراہ کوشش کر قابل تعریف رہا۔ انہوں نے کہا کہ نہرا جانتے تھے کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ بمراہ ہر گیند پر مجھ سے پوچھ رہے تھے کہ انہیں کیا کرنا چاہئے اس بارے میں میں کیا سوچتا ہوں، میں نے ان سے اپنی قدرتی بولنگ کرنے کو کہا۔ راہل کی کوشش کی تعریف کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ ایسے وکٹ پر بلے بازی کرنا مشکل تھا۔ادھر انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے آج امپائرنگ کے معیار کو لے کر اپنی مایوسی ظاہر کی۔